پاکستان کی معیشت کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ کو سی اے اے ٹو سے بڑھا کر سی اے اے ون کر دیا ہے، جبکہ ملک کی کریڈٹ آؤٹ لک کو "مثبت” سے "مستحکم” قرار دیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت نہ صرف عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان کی معاشی صورتحال پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے بلکہ ان پالیسی اقدامات کا بھی اعتراف ہے جو حالیہ برسوں میں کیے گئے۔
پاکستان کی معاشی پالیسیوں میں نمایاں تبدیلی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی مربوط کوششوں نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی نے معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے، اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے اقدامات کو تیز کیا، جس کے مثبت اثرات اب عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
موڈیز کی جانب سے یہ اپ گریڈ ایسے وقت میں آئی ہے جب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، اور ملک کی قرض ادائیگی کی صلاحیت بھی بہتر ہوئی ہے۔ یہ تمام عوامل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہیں کہ پاکستان ایک بار پھر اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
موڈیز نے خاص طور پر آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی استحکام اور اصلاحاتی اقدامات کی پیش رفت کو سراہا ہے۔ پاکستان نے مشکل لیکن ضروری فیصلے کیے، جن میں سبسڈی میں کمی، مالیاتی نظم و ضبط، اور محصولات میں اضافے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ان سب اقدامات نے پاکستان کی معیشت کو ایک بار پھر مستحکم بنیادوں پر کھڑا کرنے میں مدد دی ہے۔
اگرچہ موڈیز کی ریٹنگ اپ گریڈ ایک خوش آئند اشارہ ہے، مگر اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ یہ کامیابی ایک موقع ہے کہ ہم اپنی اقتصادی پالیسیاں مزید مؤثر بنائیں اور طویل مدتی اصلاحات کو جاری رکھیں تاکہ عالمی اعتماد کو مستقل بنیادوں پر حاصل کیا جا سکے۔