اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔
دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستان کے صدر سے ملاقات کریں گے.
وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔
ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔
دونوں ممالک کے رہنما ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے امکانات پر غور کریں گے۔
دورے کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے بعد جاری سفارتی پیش رفت، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

