کوہاٹ میں پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خود کش حملے کے بعد سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ، دہشگردوں کے حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 24 ہوگئی، جبکہ 130 تک افراد زخمی ہوئے ، پولیس حکام کے مطابق حملہ کرنے والے تمام 8 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے ہیں ۔
کوہاٹ: حکام نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں اور پولیس نے 20 گھنٹے بعد آپریشن مکمل کرلیا، سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد پولیس لائنز مسجد میں گھسنے والے تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ۔
دہشتگردوں کے حملے میں 17 پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 24 ہوگئی جبکہ زخمیوں میں 130 افراد شامل ہیں، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔
پولیس اور سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں کل 8 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیمز اور سیکورٹی فورسز نے عمارات کے اہم حصوں کو کلئیر کروا لیا ۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے, جوانوں کا حوصلہ بڑھایا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کو لیڈ کیا، جی او سی کوہاٹ بھی موجود رہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات بھر کے آپریشن کے بعد کامیابی حاصل کی ۔

