پی ٹی آئی کی مشکلات میں مزید اضافہ، ریڈیو پاکستان پشاور حملہ کیس میں پولیس نے مکمل تحقیقاتی رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کروا دی ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، کامران بنگش، پی ٹی آئی پشاور کے صدر عرفان سلیم اور عامر چمکنی کو مقدمے میں نامزد کر دیا گیا ہے ۔
پشاور میں نو مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ ہوا تھا جس میں توڑ پھوڑ کی گئی اور عمارت کو آگ لگائی گئی تھی ۔
اس مقدمے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پشاور کےشرقی تھانے کی پولیس نے تحقیقاتی رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دی ہے، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، کامران بنگش، عرفان سلیم اور عامر خان چمکنی سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ۔
پولیس نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور نادرا کی رپورٹ کی روشنی میں مکمل تحقیقاتی رپورٹ پولیس حکام کی وساطت سے عدالت میں پیش کی ہے ۔
پولیس کی طرف سے جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی، سابق وزیر تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، پی ٹی آئی پشاور کے صدر عرفان سلیم اور عامر چمکنی کو بحیثیتِ ملزمان نامزد کیا گیا ہے ۔

