خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ پر فیصلے کیلئے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں کل اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں ۔
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی، ایمرجنسی پلس، یا پھر گورنر راج کے ممکنہ نفاذ پر حتمی گور کیلئے کل وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور عسکری حکام بھی شرکت کریں گے ،اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورتحال، عوام کے تحفظ اور امن و امان سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج سمیت مختلف آئینی آپشنز پر غور متوقع ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع، بشمول سابق قبائلی علاقوں (سابق فاٹا)، میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس تجویز کا مقصد متعلقہ علاقوں میں عوام کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنا بتایا جا رہا ہے ۔
اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا، صوبے کی صورتحال پر غور کے بعد اہم اختیارات وفاقی حکومت کے استعمال میں دینے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا سکتا ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکلز 232، 233 اور 234 سمیت متعلقہ آئینی شقوں کا جائزہ لینے کے بعد ممکنہ اقدامات اور اہم فیصلوں کی منظوری پر غور کیا جائے گا ۔

