ٹانک میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، سی ٹی ڈی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گڑھ فقیرہ کے علاقے میں شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں یہ دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے شرپسندوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ سے تھا اور وہ دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث تھے ۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق ٹانک میں تھانہ ایس ایم اے کی حدود میں جنڈولہ روڈ گڑھ فقیرہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کی بنیاد پر سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد ٹی ٹی پی بھیٹنی گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، ہلاک 2 دہشت گردوں کی شناخت اسامہ ولد سلطان اور سلیمان ولد ولی محمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جو جنڈولہ کے فقیر کلے کے رہائشی تھے، جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے ماضی میں میرا عالم پمپ کے قریب ایک مقام پر آئی ای ڈی (بم) نصب کیا تھا، جس کے دھماکے کے نتیجے میں ایک عام شہری سمیت 2 پولیس اہلکار شہید اور 7 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے، ان دہشت گردوں نے وانا بازار کے مین روڈ اور امن کمیٹی کے سربراہ بلال کے دفتر کی چھت پر بھی آئی ای ڈی نصب کی تھی ۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتاتا ہے کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد اسامہ سن 2025 میں بنوں کینٹ حملے میں مارے جانے والے دہشت گرد شعیب کا بھائی تھا، جبکہ وانا بازار میں پولیس پر حملے میں ہلاک ہونے والا دہشت گرد موسیٰ اس کا بھتیجا تھا ۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران تین کلاشنکوف، گیارہ میگزین، گولہ بارود اور ایک موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے، سی ٹی ڈی اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی ۔

