گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف دو ٹوک اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ میں کسی کی سفارش نہیں کرتا، اگر میرا گھر بھی تجاوزات میں ہے تو گرایا جائے ،مفتی محمود مرکز کی حیثیت پر متعلقہ انتظامیہ فیصلہ کرے گی ۔
پشاور: اپنے ایک بیان میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو تجاوزات پر قابض ہیں انہیں جانا پڑے گا، میں کسی کی سفارش نہیں کرتا، اگر میرا گھر بھی تجاوزات میں ہے تو گرایا جائے ۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مفتی محمود مرکز کے حوالے سے مشیر اطلاعات نے کل بھی کہا ہے کہ جن افراد نے تجاوزات پر قبضہ کر رکھا ہے وہ خالی کر دیں، مفتی محمود مرکز کی حیثیت پر متعلقہ انتظامیہ فیصلہ کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ انصاف اور دین کا سبق دیتے ہوں اور خود قبضہ مافیا بن گئے ہوں تو وہ باقی لوگوں کو کیا سبق دیں گے، حکمران مثال ہوتے ہیں، اگر عالم دین خود قبضہ مافیا ہوں اور پھر بولیں کہ چوری اور سینہ زوری تو یہ درست نہیں ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات کے حوالے سے جو بھی معاملات ہیں، متعلقہ محکمہ انہیں شفاف طریقے سے دیکھ رہا ہے ۔

