کرم کی صورتحال پر کوہاٹ میں تین ہفتوں سے جاری جرگہ ختم ہوگیا،ملک ثواب خان جرگہ ممبر ملک ثواب خان نے تصدیق کی ہے کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے مابین تمام معاملات طے پا گئے ہیں، سب کے تحفظات دور ہو گئے ہیں، معاہدے کا اعلان پشاور گورنر ہاوس میں ہوگا ۔
جرگہ اراکین نے کہنا ہے کہ فریقین ایپکس کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے، آج کچھ اراکین کی غیر موجودگی کی وجہ سے دستخط کرنے تاخیرپیش آئی ۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے بھی تصدیق کی ہے ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں ، ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے ۔
بیرسٹر سیف کے مطابق دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیئے ہیں، بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں ۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ امن معاہدے کے دستخط پر اہلیانِ کرم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، امن معاہدے سے کرم میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا ۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امن معاہدے پر دستخط سے معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے ۔