محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹ کا اجراءعوام کو سہولیات کی فراہمی اور شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے صوبائی حکومت کا ایک اور اہم اقدام ہے۔
اس سسٹم کے ذریعے شہری گاڑیوں کی رجسٹریشن، تجدید، ادائیگیوں اور دیگر امور کے لئے موبائل ایب اور ویب کا استعمال کرسکتے ہیں،سسٹم کے تحت پورے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا سارا عمل ڈیجیٹائز اور سنٹرلائزڈ ہو جائے گا۔
اس جدید نظام سے چوری شدہ گاڑیوں کے استعمال کا موثر تدارک یقینی ہوگا،آن لائن موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم سے دیگر امور کے علاوہ رجسٹریشن فیس کی ادائیگی بھی آن لائن کی جاسکے گی۔
وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے آن لائن سسٹمز کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ گڈ گورننس کے لئے ڈیجیٹلائزیشن انتہائی ضروری ہے، صوبائی حکومت اپنی ای گورننس پالیسی کے تحت دیگر تمام محکموں کے امور کو بھی ڈیجیٹلائز کرنے پر کام کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف محکموں میں شفافیت آتی ہے بلکہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی بھی یقینی ہوتی ہے، آن لائن ٹیکس سسٹم اور موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا اجرا اس سلسلے میں اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کی پوری ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، امید ہے کہ محکمہ ڈیجیٹلائزیشن کے تمام دیگر امور بھی مقررہ وقت میں مکمل کرے گا، آن لائن ٹیکس سسٹم سے ٹیکس دہندگان کو بہت ساری سہولیات فراہم ہونگی، اس سسٹم کے ذریعے شہری ٹیکسوں کی ادائیگیوں سے متعلقہ تمام امور گھر بیٹھے انجام دے سکیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ اس سے شہریوں کے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہوگی، موجودہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل محکموں پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہی ہے، ان محکموں کی استعداد کو بڑھا کر صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنایا جاسکتا ہے۔