ضلع خیبر کے ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے ایک سال کے دوران خیبر سے پکڑی گئی منشیات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے گزشتہ ایک سال کے دوران 4 ارب روپے مالیت کی منشیات پکڑ کر 500 ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ اس کریک ڈاؤن میں منشیات بنانے والی 35 فیکٹریاں بھی سیل کردی گئیں۔
ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے بتایا کہ ضلع خیبر میں منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس پرعزم ہے،گزشتہ ایک سال کے دوران خیبر کے دور دراز علاقوں میں مسلسل کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں منشیات بنانے والی 35 فیکٹریوں کو سیل کیا گیا۔
کارکردگی رپورٹ کے مطابق منشیات فیکٹریوں کے علاوہ طورخم سرحدی گزرگاہ سمیت مختلف چیک پوائنٹس، ناکہ بندیوں اور منشیات کے ٹھکانوں کےخلاف کارروائیاں کی گئیں جس میں یکم جنوری 2023 سے 10 مارچ 2024 تک پولیس نے 4 ارب روپے مالیت کی مختلف قسم کے منشیات پکڑی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ گزشتہ ایک سال کے دوران پکڑی گئی منشیات میں 435 کلوہیروئن، 245 کلو آئس، 315 کلو افیون اور 4 ہزار کلو چرس شامل ہے جب کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 500 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان میں افغان شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔