افغان طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان کے امیر شیخ ہِبت اللہ اخوندزادہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، اگر پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی نشاندہی کی تو ہم کارروائی کریں گے، ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق سرحدیں بند کرنے کا کوئی جواز نہیں، دونوں ممالک کو اپنے اپنے مسائل پر توجہ دینی چاہیے، ہمیں موجودہ پاکستانی حکومت کے اقدامات سے اختلاف ہے، ہم کسی بھی حالت میں پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ۔
اسلام آباد: خیبر نیوز کے پروگرام "مکالمہ” میں میزبان رشید صافی اور سیف اللہ خان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران افغان طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ شیخ ہِبت اللہ اخوندزادہ نے افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کے حوالے سے واضح احکامات دیے ہیں، شیخ صاحب کا باقاعدہ حکم ہے کہ کسی گروہ کو ہتھیار اٹھانے کا اختیار نہیں ۔
ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر پاکستان معلومات فراہم کرتا ہے اور افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی نشاندہی کرتا ہے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے مسائل پر توجہ دیں، تجارت کو جنگ سے نہ جوڑا جائے، سرحدیں بند کرنا مناسب نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کے اثرات پاکستان پر بالکل نہیں پڑیں گے، اور ہم نہیں چاہتے کہ بھارت کے ساتھ ہمارے سفارتی تعلقات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ افغانستان کے تعلقات خراب ہوں ۔
مجاہد نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا ہے، اور پاکستان کو اس معاملے پر بالکل بھی تشويش نہیں ہوني چاہیے ۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہم بھائیوں کی طرح رہنا پسند کریں گے، سرحدیں بند کرنا مناسب نہیں ۔
افغان حکومت کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین آج بھی افغانستان میں ہیں، اور ہم کسی بھی حالت میں پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے اپنے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور یہ کہ ہم نے ہمیشہ پہل نہیں کی بلکہ ہمیشہ ردعمل دیا ہے ۔

