باجوڑ: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقے جیلی نارتھ میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جب انٹیلی جنس معلومات کے ذریعے شدت پسند گروہ فتنہ الخوارج تشکیل کی کٹکوٹ کی جانب نقل و حرکت کی نشاندہی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق تقریباً 10 سے 12 مشتبہ دہشت گردوں کو علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر گھات لگا کر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ پانچ شدید زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ آپریشن مربوط حکمت عملی کے تحت کیا گیا تاکہ گروہ کی مزید پیش قدمی روکی جا سکے اور علاقے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

