خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیاں کی ہیں۔ جس میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں دو روز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 3 مختلف آپریشنز کئے ہیں۔جن میں 23 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں 3 الگ الگ آپریشنز میں 23 دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں 26 مئی کو آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں،اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو گرفتار اور متعدد ٹھکانے بھی تباہ کئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آج ضلع ٹانک کے ایک اور آپریشن میں 10 دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں ہوا ہے، جس میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 7 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ان آپریشنز میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے قومی ملک کے 5 بہادر سپاہی بھی وطن پر قربان ہوئے ہیں۔شہید ہونے والوں میں ضلع کہوٹہ کے رہائشی 32 سالہ نائیک اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک دانش افکار شامل ہیں۔ وطن کی خاطر شہید ہونے والے سپاہی تیمور ملک کی عمر 32 سال اور رہائش ضلع لیہ تھی۔جبکہ شہید ہونے والے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر کا تعلق ضلع باغ سے ہے، اس کے ساتھ ہی ضلع خوشاب کے 23 سالہ سپاہی محمد یاسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے تمام دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری رہے گا، پاک فوج دہشت گردی جیسی لعنت کو ختم کرنے کےلیے ہمیشہ پرعزم رہے گئی۔