خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 427 ہوگئی ہے، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف اضلاع میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی اموات 427 تک جا پہنچی ہیں۔ صوابی کے علاقے دالوڑی میں سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید 12 لاشیں نکالی گئیں جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی، جبکہ بونیر میں ایک اور لاش ملنے کے بعد مجموعی اموات 291 تک پہنچ گئیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 321 مرد، 60 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 182 مرد، 45 بچے اور 43 خواتین درج کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بارشوں اور فلش فلڈ سے 1398 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 1030 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ 368 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق بونیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 228 اور صوابی میں 41 ہو گئی ہے۔ یہ المناک واقعات سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی کے مختلف علاقوں میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور متاثرہ افراد کو فوری معاونت فراہم کریں۔ حکام نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں جبکہ ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔