وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں گورنر نے وزیراعظم کو سانحہ سوات سے متعلق بریفنگ دی ۔
اسلام آباد: اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہبازشریف کو دریائے سوات میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
وزیر اعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو اس قسم کے واقعات کے تدارک اور روک تھام کے لیے اپنی استعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم اور خیبرپختونخوا کے گورنر کےدرمیان ملاقات میں مجموعی ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں وفاقی وزیر کشمیر، گلگت بلتستان و سرحدی امور انجینئر امیر مقام ، وفاقی وزیر پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ ، وزیر مملکت برائے پاور عبدالرحمان کانجو اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی بھی موجود تھے ۔