ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ٹرین کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے میں 6 مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، دوسری جانب وزیراعظم نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رہورٹ طلب کرلی ہے ۔
ملتان: ریسکیو حکام کے مطابق ٹرین حادثہ صبح سوا پانچ بجے پیش آیا، حکام نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے،، زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا ہے ۔
حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ پٹری کے کنارے بیٹھے ہیں، جبکہ اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بند ہے، ملتان ڈویژن انتظامیہ جائے حادثہ پر موجود ہے ۔
ایک مسافر کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے، اس بیان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی اور یہ بھی واضح نہیں کہ اس کا حادثے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں ۔
بعض ذرائع نے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، ریلوے حکام کے مطابق اس حوالے سے کمیٹی قائم کی گئی اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

