وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کی جدید بلٹ پروف اور بکتر بند گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے سپرد کر دی ہیں، اس اہم پیش رفت کا مقصد صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو تیز کرنا اور پولیس کی آپریشنل طاقت میں اضافہ کرنا ہے ۔
وفاق اور گورنر ہاؤس پشاور کے باہمی رابطہ کاری سے طے پانے والے اس اقدام کے تحت یہ گاڑیاں حساس اور پرخطر علاقوں میں نبرد آزما سکیورٹی اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنائیں گی ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ "دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ایک صوبے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے زور دیا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام کی حفاظت، امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر قسم کی لاجسٹک اور مالی معاونت ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی ۔

