پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر اپنے ردعمل میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مراد سعید کی موجودگی کا دعوا مضحکہ خیز ہے،عطا تارڑ مکمل جھوٹ بول رہے ہیں ،مراد سعید احتجاج میں موجود تھے اور گرفتار نہیں ہوئے تو پھر اس نااہلی پر نااہل ٹولے کا نام گنیز بک آف ورلڈ میں لکھنا چاہئے ۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کرسکتے تھے لیکن انکو مطلوب مراد سعید انکے آنکھوں سے اوجھل تھا یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ مراد سعید کی خیبر پختون خوا میں موجودگی بارے بھی عطا تارڑ جھوٹ بول رہے ہیں، مراد سعید خیبر پختون خوا میں کہیں پر بھی نہیں ہے، عطا تارڑ بے سر و پاں جھوٹ نہ بولے۔
انہوں نے کہا کہ عطا تارڑ سچ چھپانے کی کوشش میں ہر پریس کانفرنس میں پچھلے پریس کانفرنس کے دعووں کی نفی کرتے ہیں، سانحہ کے فوری بعد موصوف نے ڈی چوک جاکر ویڈیو بنائی تھی، ویڈیو میں دعوی کیا تھا کہ یہاں پر گولیوں کے کوئی خول نہیں ملے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ اب دعوی کررہے ہیں پی ٹی آئی احتجاج میں مسلح جھتے آئے تھے جس نے فائرنگ کی، اگر فائرنگ ہوئی ہے تو پھر خول نہ ہونے کا دعوی کیوں اور کیسے کیا؟ عطا تارڑ ایک جھوٹ چھپانے کے لئے 100 جھوٹ بول رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ یہ بھی بتائیں رات کو لائٹیس بند کرکے اندھیرا کس نے اور کس مقصد کے لئے بنایا؟ کیا کنٹینر پر نماز پر بیٹھے شخص کو بھی پی ٹی آئی نے دھکادے کر گرایا تھا؟