پارل میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں میزبان جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور پاکستان کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف دیا ۔
جنوبی افریقo نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے،ہینرک کلاسن نے 86 رنز کی اننگز کھیلی،ریان ریکلٹن 36، ایڈن مارکرم 35 اور ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بناکر نمایاں رہے ۔
مارکو یانسن 10 اور وین ڈر ڈوسین 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبز اور اینڈائل فیلوکوائیو ایک ایک رن بنانے میں کامیاب رہے ۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ابرار احمد نے 2، صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
240 رنز ہدف کا تعاقب پاکستان آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا اور سیریز میں ایک صفر کی برتری بھی حاصل کرلی ۔بابر اعظم23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے ایک اور کامران غلام نے 4 رنز بنائے ۔
اس موقع پر اوپنر صائم ایوب نے شاندار اننگز کھیلی اور آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔ صائم ایوب نے ون ڈے کریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور 201 رنز کے مجموعی اسکور پر 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
اس موقع پر آغا سلمان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھی اور نسیم شاہ کے ساتھ مل کر آخری اوور میں ٹیم کو فتح دلوادی۔ سلمان علی آغا 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نسیم شاہ بھی 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔
جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اور اوٹنیل بارٹمین نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،سلمان آغا کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔