بھارتی انٹیلیجنس ادارے اور فوج نے ایک شرمناک منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کے تحت غیر قانونی اور جبراً حراست میں رکھے گئے معصوم پاکستانی شہریوں کو جعلی مقابلوں میں مار کر پاکستان کے خلاف جھوٹی کہانی بنائی جائے گی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کے مختلف جیلوں اور خفیہ اداروں کی تحویل میں موجود درجنوں پاکستانی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں نکال کر فیک انکاؤنٹرز میں قتل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
منصوبے کے تحت ان شہریوں کو قتل کر کے انہیں پاکستان سے آنے والے مبینہ دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کو پہلے سے ان افراد کی لاشیں، پلانٹڈ ہتھیاروں کی تصاویر اور ویڈیوز فراہم کی جائیں گی تاکہ فوری طور پر جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ زیر حراست افراد کو زندہ دہشت گرد کے طور پر میڈیا پر لایا جا سکتا ہے اور ان سے زبردستی پاکستان مخالف بیانات اور جھوٹے اعتراف جرم کروائے جا سکتے ہیں۔ یہ سارا ڈرامہ پہلگام فالس فلیگ کی ناکامی کے بعد بھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر 29 اور 30 اپریل کی اپنی پریس کانفرنسز میں پہلے ہی بھارتی جیلوں میں قید 732 پاکستانیوں کی تفصیلات سامنے لا چکے ہیں، جن میں سے 56 افراد ایسے ہیں جنہیں بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے جبراً اور غیر قانونی طور پر اپنی حراست میں رکھا ہوا ہے۔
یہ منصوبہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے پر بھی ایک اور سیاہ دھبہ ہے۔