بلوچستان میں کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا،ترجمان پاک فوج کے مطابق طیارے میں موجود دونوں پائلٹس شہید ہو گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان مین کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، حادثہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پیش آیا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی طیارے میں سوار دونوں پائلٹ انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور طالبعلم پائلٹ کیپٹن عبدالصمد نے جام شہادت نوش کیا ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں دو پائلٹس کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

