افغان دارالحکومت کابل میں خوفناک ٹرفک حادثہ ہوا جہاں ایک بس الٹنے سے 25 افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہو گئے ۔
کابل: وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے بتایا کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک مسافر بس کے الٹنے سے 25 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے ۔
عبد المتین قانع کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات دیر گئے پیش آیا، جو ڈرائیور کی غفلت کے باعث ہوا، بس میں 58 مسافر سوار تھے، جو جنوبی صوبوں ہلمند اور قندھار سے کابل کی جانب سفر کر رہے تھے ۔
عبد المتین قانع نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد پولیس اور ایمرجنسی سروسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو میدان شہر ہسپتال اور کابل کے مختلف ہسپتالوں میں علاج کے لیے لے جایا گیا، یہ حادثہ رواں ہفتے کا دوسرا بڑا سڑک حادثہ ہے، اس سے قبل ہرات میں ایک بس کے تصادم سے 79 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔
دوسری جانب طالبان حکومت نے اس حادثے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے ۔