اسلام آباد: (سیار علی شاہ) پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وزارت خارجہ کے نائب سیکرٹری جان باس اور
پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہوسٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد اور وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان مثبت تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے، دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ اور خطے کی صورتحال اور خطے کے امن و خوشحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے ۔
امریکی وفد نے پاکستان میں موجود امریکہ جانے والے افغان پناہ گزینوں کو مسلسل تعاون فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا غیر مستقل ممبر بننے پر مبارک باد بھی پیش کی اور اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں امریکہ کی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے نائب سیکرٹری خارجہ پاکستان اور ترکیہ کے پانچ روزے پر ہیں جسکے پہلے حصے میں پاکستانی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے بعدامریکی وفد کی ترکیہ میں حکام سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔