گزشتہ رات ایرانی سکیورٹی فورسز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ ایران کے اس وحشیانہ عمل کی ترجمان دفتر خارجہ نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں دو بچےجاں بحق جبکہ 3 بچیاں زخمی ہوگئیں۔ دفترخارجہ کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ ایرانی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور ان سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفترخارجہ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان متعدد چینلز کے باوجود حملہ تشویشناک ہے۔ یکطرفہ کارروائیاں اچھے ہمسایہ تعلقات کےمطابق نہیں۔ ایسے حملوں سے دوطرفہ اعتماد کو شدید نقصان پہنچ سکتاہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ دہشتگردی خطے کے تمام ممالک کیلئے مشترکہ خطرہ ہے۔ دہشت گردی کےخلاف مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔