Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

حمزہ شہباز کی گرفتاری:لاہور ہائی کورٹ نےنیب کو گرفتاری سےروک دیا,نیب ٹیم واپس روانہ

لاہور:نیب کے افسران نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو گرفتاری سے روک دیا جس پر نیب ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

لاہور میں نیب کی تفتیشی ٹیم نےمسلم لیگ(ن)کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازکی گرفتاری کےلیےان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔گزشتہ روز کی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعےسےنمٹنےکےلیےپولیس کی بھاری نفری نےماڈل ٹاؤن کا محاصرہ کیا تاہم نیب کے اہلکار گھر کے اندر داخل نہیں ہوئے اور باہر ہی انتظار کرتے رہے، تاہم گھر میں داخل ہونے کے لیے سیڑھی بھی منگوالی گئی ہے۔

نیب کے چھاپے کی خبر سنتے ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ماڈل ٹاؤن پہنچ گئی اور ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں، ادھر نیب نے گرفتاری میں مدد کے لیے رینجرز کو بھی طلب کیا۔

اسی اثنا میں مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرکے درخواست ضمانت دائر کی۔ یہ درخواست ضمانت 8 اپریل پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر ہوئی تاہم ن لیگ کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اور ہائی کورٹ بار کے صدر  حفیظ الرحمان چوپدری عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے درخواست کی اِن چیمبر سماعت کرنے کے بعد نیب کو حمزہ شہباز کی درخواستِ ضمانت کی 8 اپریل کو باقاعدہ سماعت تک گرفتاری سے روک دیا۔

قبل ازیں حمزہ شہبازکےگھرکےباہر نیب کےڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اصغرنےمیڈیا سےبات کرتےہوئےکہاکہ ہم نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے ہیں،ان کی گرفتاری کےوارنٹ ہمارے پاس ہیں،حمزہ شہبازگھرکےتہہ خانےمیں چھپےہوئےہیں،حمزہ شہباز سےاپیل کرتے ہیں کہ وہ دیواروں کےپیچھے چھپنےکےبجائے گرفتاری دےدیں۔وہ بھی قانونی تقاضےپورےکریں،اگر حمزہ شہباز مطلوب نہیں ہیں تو وہ آکربتادیں چھپتےکیوں ہیں،ہم کوئی دہشت گرد نہیں ہیں اورنہ ہی اسلحہ لےکرآئےہیں خالی ہاتھ آئےہیں،پنجاب پولیس کی مدد لی ہے،کل بھی آئے تھے لیکن ان کو پکڑنے نہیں دیا گیا، آج گرفتار کرکےہی جائیں گے،وارنٹ گرفتاری دے دیئےہیں مگراس کےباوجود وہ اس کو قبول نہیں کررہے۔

نیب کےچھاپے پرحمزہ شہباز کےترجمان عطا تارڑ نےکہاہےکہ نیب کی کارروائی ریاستی دہشت گردی ہے،نیب نےآنےسے پہلے ہمیں نہیں بتایا گیا،حمزہ شہبازکی گرفتاری نہیں ہو سکتی ہم ان سےبات کررہے ہیں۔

گزشتہ روزقومی احتساب بیورو(نیب)کی ٹیم نےقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائش گاہ پرچھاپہ ماراتھاتاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔نیب نےاپنےبیان میں کہاتھاکہ نیب لاہورکی ٹیم حمزہ شہباز کی آمدن سےزائد اثاثہ جات اورمبینہ منی لانڈرنگ کےکیس میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پرگرفتاری کےلیےگئی تاہم حمزہ شہبازکےگارڈز کی جانب سےغنڈہ گردی کامظاہرہ کیاگیا اور نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب کیا اور بعض اہلکاروں کے کپڑے پھاڑنے کے علاوہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.