Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم کا ریئل اسٹیٹ کے ریگولیٹر ادارے کے قیام کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے ریئل اسٹیٹ کے شعبے کے ریگولیٹری ادارے کے قیام کا حکم دیتے ہوئے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ تعمیرات اور رہائشی منصوبوں کی آن لائن منظوری اور ون ونڈو فیسیلٹی کے لیے ایک روڈ میپ تیار کریں۔قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ون ونڈو فیسیلٹی اور اجازت ناموں، فیسوں کی ادائیگی اور ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلق تمام شعبہ جات کے دیگر کاموں کی آن لائن منظوری کے لیے ایک ہفتے میں روڈ میپ جمع کروانے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق  ملک کے ریئل اسٹیٹ ٹائیکونز اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ اینڈ ڈویلپرز نے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی تشکیل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور حکومت ان کے تحفظار دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز، معاونینِ خصوصی ملک امین اسلم، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شبہاز گل، چئیرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، گورنر سٹیٹ بینک، سیکریٹری ہاﺅسنگ، چیف سیکریٹری پنجاب، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان شریک ہوئے۔

سندھ، بلوچستان کے صوبائی چیف سیکریٹریز ، آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، صدر نیشنل بینک، صدر بینک آف خیبر و دیگر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے تعمیرات کے شعبے کے لیے جو مراعاتی پیکیج دیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی تا کہ معاشی عمل کو تیز کرنا اور تعمیرات کے شعبے سے منسلک صنعتیں فروغ پائیہں اور عام آدمی بالخصوص کم آمدن والے طبقے کو گھر رہائشی سہولت میسر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس سلسلے میں نظام کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیرِ اعظم نے تعمیرات کے شعبے میں ہر سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کی ہدایت کی تاکہ نظام کو تیز اور آسان ترین بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.