اسلام آباد کے خیبرپختونخوا ہاؤس میں وزیر ا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جو چار گھنٹے تک جاری رہا۔
کابینہ اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پولیس محکمہ میں موجود مسائل کو دور کرنے پر غور کیا گیا۔
کابینہ نے پولیس فورس میں مزید اسامیوں کی منظوری دی ہے، اس طرح ضلع ٹانک اور لھی مروت کے لیے پولیس میں 791 اسامیوں کی منظوری دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے پولیس کو مزید 10 بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔
خیبرپختونخوا کی کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے نئے قانون کی منظوری دے دی ، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے شکایات کمیشن کے قیام کی منظوری دی گئی ہے، جس کے سربراہ وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی چیئرمین اور جماعت کے دیگر ارکان کے ساتھ سامنے آنے والے رویے پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور اس کی مذمت بھی کی گئی۔
اجلاس میں ہیومن رائٹس کمیشن کا حوالہ بھی دیا گیا اور کہا گیا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین اور دیگر روپوش لیڈرز کے ساتھ ملک دشمن رویہ بند کیا جائے۔
اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور صوبائی اسمبلی سے منظور کی گئی قراردادیں وفاق کو بھجوانے کی منظوری بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کل تک ملتوی کیا گیا ہے ۔