اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے پاکستان کے 30ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،اٹارنی جنرل منصور اعوان ،سپیکر قومی اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،گورنر فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر ،وفاقی وزرا اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک تھے۔
نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اَپ ڈیٹ کر دی گئی، ویب سائٹ پر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس پاکستان کے طور پر اَپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بعد سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو ملک کے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کا حلف اٹھانے پر جسٹس یحییٰ آفریدی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا تجربہ، علم اور فہم قانون پر عملدرآمد کو مضبوط کرنے میں عدلیہ کی مدد کرے گا۔