پشاور (شوبز ڈیسک) — مقبول سینئر ڈرامہ فنکار توحید اللہ قریشی نے کہا ہے کہ خیبر ٹیلی ویژن کے ابتدائی نجی پروڈکشن دور میں انہیں بطور اداکار، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
انہوں نے خیبر سحر پروگرام میں میزبان مینا شمس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2004 میں جب نجی شعبے میں پروڈکشن کا آغاز ہوا تو انہوں نے کامیڈی سیریز “دا بہ منے” میں نہ صرف اداکاری کی بلکہ اس کی پروڈکشن اور ڈائریکشن کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
توحید اللہ قریشی کے مطابق انہوں نے کے ٹو اور خیبر ٹیلی ویژن کے کلاسیکل ڈراموں میں بھی مختلف کردار ادا کیے اور تقریباً چار دہائیوں قبل پشاور ٹیلی ویژن سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا اور سینئر فنکاروں سے بہت کچھ سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر ٹیلی ویژن نے ہمیشہ فنکاروں کی قدر کی ہے اور وہ اس چینل کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔

