ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے عوام کے لیے ایک انتہائی خوش آئند اور بڑی پیشرفت ہوئی جہاں اینزرگی ہسپتال میں 9 سال کے طویل عرصے کے بعد آپریشن تھیٹر کو فعال کردیا گیا ۔
ٹائپ ڈی ہسپتال کاٹلنگ میں سال 2017 سے غیر فعال آپریشن تھیٹر کو تقریباً 9 سال بعد سرجری اور آپریشن تھیٹر کی خدمات کا دوبارہ فعال ہونا مقامی آبادی کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے ۔
اس سے قبل معمولی سرجریز یا ہنگامی آپریشنز کے لیے بھی مریضوں کو مردان یا پشاور جانا پڑتا تھا، جس سے وقت اور مالی وسائل دونوں کا ضیاع ہوتا تھا ۔
اینزرگی ٹائپ ڈی ہسپتال کا آپریشن تھیٹر فعال ہونے سے کاٹلنگ اور اس کے گردونواح کے علاقوں کے لوگوں کو اب بنیادی جنرل سرجری کے لیے دور دراز ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا ۔
اس اہم پیشرفت سے ہنگامی صورتحال میں بروقت علاج حادثات یا ہنگامی آپریشن کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بھی مدد ملے گی ۔
اینزرگی ہسپتال میں آپریشن تھیٹر کے فعال ہونے سے ضلع بھر کے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ میں کمی آئے گی، مردان میڈیکل کمپلیکس سمیت ضلع بھر کے دیگر سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا ۔
اینزرگی ہسپتال کے ڈاکٹروں اور محمد شفیع سمیت پیرامیڈکس عملے نے اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تحصیل بھر کے عوام کی خدمت مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

