پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا امن ہے ۔وزیر اعلی ہاؤس میں منعقدہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جرگہ کے انعقاد پر جہاں صوبائی حکومت کا مشکور ہوں وہیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس جرگہ کاانعقاد کیا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق ہمارے سیاسی اختلافات موجود ہیں مگر صوبے کا امن اور عوام کی خوشحالی ہماری ترجیحات ہیں اور عوام اور صوبےکا مفاد ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہے، اس خطے میں افغانستان کا مسئلہ ہمارے سامنے ہے جہاں عالمی برادری مذاکرات سے مسئلہ کے حل پر متفق ہوئی، کل خیبر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، ہمارے پاس وقت کم ہے ہم نے سب کو مذاکرات پر آمادہ کرنا اور مسئلے کا حل نکالنا ہے۔ جو لوگ اس ملک کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں ان سے مذاکرات کرنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مطالبات صوبائی حکومت سے ہوں گےاور کچھ وفاقی حکومت سے، یہاں وزیر اعلی بھی بیٹھے ہیں وزیر داخلہ بھی اور سیاسی قیادت بھی آج ہمیں اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوانے کہا کہ امن کی صورتحال ابتر ہے صوبے کے متعدد علاقے آج بھی نوگو ایریاز ہیں ہم سب کو متحد ہوکر اس صوبے کو امن دینا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ جرگہ میں شرکت سے قبل گورنر ہاؤس پشاور میں ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ، وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام ، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان ، میاں افتخار حسین ، قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپاؤ ، آئی جی خیبرپختونخوا ، آئی جی ایف سی اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبہ میں امن کی صورتحال پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں متعدد تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔