جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران لانس نائیک محمد صابر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک محمد صابر نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔