پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں بھی میزبان زمبابوے کو شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،پاکستانی بولرز کے سامنے زمبابوے کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 12.4 اوورز میں صرف 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
گرین شرٹس کے خلاف ایک موقع پر زمبابوے کا سکور بغیر وکٹ گنوائے 37 رنز تھا۔ پھر ایسی وکٹیں گریں کہ صرف 20رنز کے اضافے کے درمیان پورے 10 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
زمبابوے کے 9 بیٹرز ڈبل فِگرز میں داخل نہ ہوسکے۔ برائن بینٹ 21 اور مارومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے صرف 58 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے 2.4 اوورز میں 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی ۔
زمبابوے کا 58 رنز کا ہدف پاکستان نے چھٹے اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔اوپنر عمیر یوسف 22، صائم ایوب 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار باولنگ پر سفیان مقیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
سفیان مقیم نے پاکستانی بولر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے بہترین میچ فِگرز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
اتوار کو پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی، تیسرا اور آخری میچ 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔